ثاقب نثار سیاسی دکان چمکانےکیلئے عدالت لگاتے تھے: شہباز شریف

راولپنڈی: وزیراعظم شہباز شریف نے سابق چیف جسٹس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہےکہ  ثاقب نثارغریب کو انصاف کیلئے نہیں سیاسی دکان چمکانےکیلئے عدالت لگاتے تھے۔

راولپنڈی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مریضوں کا علاج کرنا بہت بڑی عبادت ہے، اس اسپتال کی تعمیر میں 5 ارب روپے لگ چکے ہیں، اسپتال کو بہت پہلے دکھی انسانیت کی خدمت میں کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نےکہا کہ پچھلی حکومت نے اس اسپتال کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا تھا لیکن کورونا کے دنوں میں بھی اسپتال نے بے پناہ خدمات انجام دیں۔

وزیراعظم نے سابق چیف جسٹس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص دن رات کہتا تھا کہ شہباز شریف نے 20 ارب روپے کہاں لگائے، وہ شخص کہتا تھا کہ 20 ارب روپے غرق ہوگئے ہیں، اس شخص کانام ہے ثاقب نثار، اگر 20 ارب غرق ہوگئے تھے تو لاہورکا سب سے بڑا کورونا سینٹر کیسے بن گیا، پی کے ایل آئی میں مفت پیوند کاری کا انتظام کیا گیا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ثاقب نثارغریب کو انصاف کیلئے نہیں سیاسی دکان چمکانےکیلئے عدالت لگاتے تھے، ثاقب نثار حنیف عباسی کو شکست دلانےکیلئے شیخ رشید کے ایجنٹ بن کر حلقے میں گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت کے میدان میں سیاست کو شجرہ ممنوعہ قرار دینا چاہیے، تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی قطع اجازت نہیں ہونا چاہیے۔