گوادر فائرنگ، شرپسندوں کی بزدلانہ کارروائیاں انکی حیوانیت کی واضح عکاس ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 6 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنےکی ہدایت دیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین اور قرار واقعی سزا یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، شرپسند عناصر کی معصوم لوگوں کے خلاف بزدلانہ کارروائیاں ان کی حیوانیت کی واضح عکاسی کرتی ہیں لیکن شرپسند عناصر کے ملک دشمن عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے شب و روز ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے۔

یاد رہے کہ گوادر کے علاقے کلمت میں مسلح ملزمان نے کراچی آنے والے مسافروں پر فائرنگ کر کے 6 افراد کو قتل اور کئی افراد کو زخمی کر دیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *