نگران وزیراعلیٰ پنجاب 8 مارچ جیسا تصادم چاہتے ہیں: عمران خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نےکہا ہےکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب 8 مارچ جیسا تصادم چاہتے ہیں۔
ٹوئٹر پر ایک بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ ہم مشتعل ہوں اور یہ مزید ایف آئی آرز درج کریں، تحریک انصاف کے کارکنوں کو نگران حکومت کے جال میں نہیں آنا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پابندی کا مقصد صرف پی ٹی آئی کو انتخابی مہم سے روکنا ہے، سارے لاہور میں زندگی معمول پر ہے،صرف زمان پارک کو گھیرا ہوا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف مزید جھوٹے پرچوں کے اندراج اور انتخاب کو التواء میں ڈالنےکے لیے تصادم کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابی شیڈول کےاعلان کے بعد سیاسی سرگرمیوں کے خلاف دفعہ 144کےنفاذ کا جواز ہی کیا ہے؟ کارکنان کو ہدایت ہےکہ اس جھانسےمیں بالکل نہ آئیں، ہم نےاپنی ریلی کل تک ملتوی کردی ہے۔