تحریک انصاف کا کل تک کیلئے ریلی ملتوی کرنےکا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج لاہور میں ہونے والی ریلی کو کل تک کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ان کی ابھی عمران خان کے ساتھ بات ہوئی ہے،  پی ٹی آئی نے ریلی ملتوی کردی ہے۔

حماد اظہرکا کہنا تھا کہ ریلی کل یا بعد میں بھی ہوسکتی ہے، ہم پرامن انتخابات اور پرامن انتقال اقتدار  چاہتے ہیں،  ارباب  اختیار شہر کے راستےکھول دیں۔

زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ دفعہ 144 کا نفاذ صرف تحریک انصاف کے لیے ہے، یہ فساد چاہتے ہیں اور ہم انتخابات چاہتے ہیں، یہ خون خرابہ   چاہتے ہیں اور ہم پرامن ریلی کا انعقاد  چاہتے ہیں، ہم نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

 شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے آج کی ریلی کو کل تک کے لیے ملتوی کردیا ہے، حکومت کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل کی وجہ سے دفعہ 144 نافذ کی ہے، ہم منشتر ہو رہے ہیں  رات کوپھرجمع ہوں گے۔