ٹیسٹ کرکٹ پر حکمرانی کیلئے جے شاہ نے نئی چال چل دی، بِگ تھری نے کیا منصوبہ بنایا؟

بِگ تھری کی ایک بار پھر سے کرکٹ کی دنیا میں گونج ہے اور ٹیسٹ کرکٹ پر حکمرانی کے لیے جے شاہ نے اب نئی چال چل دی ہے۔

بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کو اپنے ہاتھوں میں لینے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں بورڈ کا ایک دوسرے کے ساتھ بارڈر گواسکر ٹرافی کی طرز پر زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا پلان ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین جے شاہ، کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین مائیک بیئرڈ اور انگلینڈ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامپسن کے درمیان اس ماہ کے آخر میں ملاقات کا امکان ہے۔ا

ملاقات میں ٹیسٹ کرکٹ کا نیا دو رویہ اسٹرکچر ایجنڈے میں شامل ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں دو رویہ کا پلان موجودہ 2027 تک کے ایف ٹی پی کے بعد عمل میں لایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلی سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ مزید ایک اور سائیکل تک جاری رہ سکے گی، انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس ڈبلیو ٹی سی پر پہلے ہی تنقید کرچکے ہیں۔

سینئر کرکٹر شخصیات کا بہترین ٹیموں کا ایک دوسرے سے زیادہ مقابلوں پر زور

کرکٹ کی کچھ سینئر شخصیات نے بھی بہترین ٹیموں کے ایک دوسرے سے زیادہ مقابلوں پر زور دیا ہے۔

دو ڈویژن ٹیسٹ کرکٹ کا پلان 2016 میں آئی سی سی میں زیرِ بحث آیا تھا، 2016 کے پلان کے مطابق 7 ملک ٹاپ ڈویژن جب کہ 5 سیکنڈ رینک میں مقابلہ کریں گے، 2016 میں تب بھارتی کرکٹ بورڈ نے 2 ڈویژن سسٹم کے خلاف ووٹ دیا تھا۔

اس وقت بی سی سی آئی نے کہا تھا کہ 2 ڈویژن سسٹم سے چھوٹے بورڈز کا مالی نقصان ہوگا۔

بگ تھری کے درمیان زیادہ کرکٹ سے براڈ کاسٹرز کے بھی مفادات جڑے ہیں، براڈ کاسٹرز بھی چاہتے ہیں کہ تینوں ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ میچز ہوں۔

اس حوالے سے براڈ کاسٹرز کا کہنا ہے کہ جتنے زیادہ میچز ہوں گے اُتنا زیادہ اچھا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *