لیسکو میں کروڑوں روپے اوور بلنگ کی انکوائری مکمل، چیف ایگزیکٹو سمیت 2 افسران ذمہ دار قرار
لاہور: لیسکو میں کروڑوں روپے اوور بلنگ کے معاملے پر نیب انکوائری مکمل کرلی گئی۔
گزشتہ دنوں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی انتظامیہ کی کرپشن کا بڑا اسکینڈل سامنے آیا تھا جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے معاملے کا نوٹس لے کر اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نیب لاہور نے اس حوالے سے تحقیقات مکمل کرلی ہیں جس کی رپورٹ چیئرمین نیب کو پیش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق لیسکو نے صارفین کوسال 2024 میں کروڑوں روپے کے اضافی بل ڈالے تھے اور ابتدائی انکوائری میں چیف ایگزیکٹو لیسکو، سی ایس ڈی اور ڈائریکٹر کمرشل کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ چیئرمین نیب کے نوٹس میں آنے پر اب اسی ہفتے معاملے پر بریفنگ دی جائے گی اور بجلی کی اوور بلنگ کے ذمہ دار لیسکو افسران کے خلاف بڑی کارروائی کا امکان ہے۔
اس حوالے سے لیسکو حکام نے بتایا کہ نیب حکام کو اوور بلنگ پر تمام ڈیٹا فراہم کردیا گیا ہے، تحقیقات کے معاملے پر کسی قسم کی تاخیر نہیں کی گئی اور جب بھی بلایا گیا افسران پیش ہوئے۔