شمالی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، دہشتگرد کمانڈر صحرا جانان 8 ساتھیوں سمیت ہلاک
راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، یہ آپریشن 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب کیا گیا جس دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ ہلاک دہشتگردوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشتگرد کمانڈر صحرا عرف جانان بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد صحرا عرف جانان 16 مارچ کو میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملے میں ملوث تھا اور دہشتگرد کمانڈر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہےکہ 16 مارچ کو وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں نے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں کئی خودکش حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 5 فوجی جوان شہید ہوگئے جب کہ حملوں کے بعد کیے جانے والے آپریشن میں ایک کیپٹن اور لیفٹیننٹ کرنل شہید ہوئے، اس دوران 6 دہشتگرد مارے گئے۔