گوگل کا جیمنائی اے آئی انجن آئی فونز کا حصہ بننے کیلئے تیار
بہت جلد آئی فون کے اندر گوگل کا تیار کردہ جیمنائی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) انجن موجود ہوگا۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل اور گوگل کے درمیان آئی فونز میں جیمنائی اے آئی انجن شامل کرنے کے لیے بات چیت چل رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل نے مائیکرو سافٹ سے بھی اس کے تیار کردہ ماڈل کو استعمال کرنے کے بارے میں مذاکرات کیے تھے۔
واضح رہے کہ مائیکرو سافٹ کا اے آئی ماڈل اوپن اے آئی کے تیار کردہ چیٹ جی پی ٹی پر مبنی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایپل اور گوگل کی جانب آئی فونز کے لیے جیمنائی کے استعمال کے لائسنس پر مذاکرات ہو رہے ہیں تاکہ چند نئے اے آئی فیچرز نئے آئی او ایس سسٹم کا حصہ بن سکیں۔
ایپل کی جانب سے آئی فونز کے لیے نیا آئی او ایس 18 آنے والے مہینوں میں متعارف کرایا جائے گا جس میں کمپنی کے اپنے تیار کردہ اے آئی ماڈلز کا بھی استعمال کیا جائے گا۔
مگر یہ کمپنی جنریٹیو اے آئی فیچرز کے لیے کسی شراکت دار کو تلاش کر رہی ہے تاکہ صارفین آئی فون میں سادہ تحریری کمانڈ کے ذریعے مضامین لکھ سکیں یا تصاویر تیار کر سکیں۔
گوگل اور ایپل کے درمیان اس حوالے سے معاہدہ جون تک طے پانے کا امکان ہے، جب ایپل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کا انعقاد ہوتا ہے۔
دونوں کمپنیوں کے درمیان پہلے ہی ایپل کے سفاری ویب براؤزر میں گوگل کو ڈیفالٹ سرچ انجن کے طور پر استعمال کرنے کا معاہدہ موجود ہے۔