ہدف سے زیادہ ریونیو کلیکشن، آئی ایم ایف ایف بی آر کی کارکردگی سے مطمئن
اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف اور ایف بی آر کے درمیان آن لائن میٹنگ ہوئی جس میں پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کوبتایا گیا کہ نگران حکومت کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائے گی۔
ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کوئی نیا ٹیکس لگائے بغیر ٹیکس ہدف حاصل کرلے گا اور ایف بی آر کی کارکردگی سے آئی ایم ایف مطمئن ہے۔
ذرائع نے کہا کہ آئی ایم ایف کو اکتوبر کے پہلے ہفتے میں معاشی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا جس میں جولائی تا ستمبر محصولات کا ڈیٹا آئندہ ہفتے آئی ایم ایف کو پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ میں ہدف سے زیادہ ریونیو اکٹھا کیا، ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ میں 2.1 ٹریلین ٹیکس اکٹھا کیا جب کہ تین ماہ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 1.98 ٹریلین روپے رکھا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائیوں کے پلان سے بھی آئی ایم ایف کو آگاہ کردیا ہے۔