وارم اپ میں تجربات کیے لیکن فیلڈنگ میں بہتری لانا ہوگی: رضوان
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا ہےکہ بھارتی کنڈیشن کو ریڈ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ہمیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانا ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے محمد رضوان کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں انہوں نےکہا کہ وارم اپ میچ کا مقصد ہے کہ کارکردگی میں بہتری لاسکیں، پاکستان نے بھی وارم اپ میچ میں تجربات کیے ہیں، ان تجربات سے اچھی چیزیں بھی ملیں اور بہتری کی گنجائش کا بھی علم ہوا۔
انہوں نےکہا کہ ہمیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانا ہوگی، بھارت کی کنڈیشن کو ریڈ کرنے کی کوشش کی ہے، پچ دیکھنے کے بعد میں اور کپتان جاکر صورتحال کے مطابق کھیلتے ہیں، نیوزی لینڈ سے میچ میں پچ بہتر تھا اور رنز بن رہے تھے۔
رضوان کا کہنا تھا کہ سینچری کہیں بھی کریں خوشی ملتی ہے اور اعتماد بڑھتا ہے ، بھارت میں پھر کبھی کھیلنے کو ملے یا نہیں اس لیے بھارتی سر زمین پر سینچری کا احساس الگ ہوتا ہے۔
قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ بھارت جانے سے پہلے بہت مشکلات بھی در پیش رہیں لیکن بھارت میں پاکستان کو جس طرح ویلکم کیا گیا تو ایسا لگا ہم کراچی یا لاہور میں ہیں، حیدر آباد ائیرپورٹ پر جس طرح آوازیں گونج رہی تھیں تو اس کی فیلنگ بہت الگ تھی، جس طرح ہماری عوام پیار کرتی ہے، بھارتی عوام بھی پاکستانی کرکٹرز کو چاہتی ہے، بھارت میں جس طرح ویلکم کیا ہمیشہ یاد رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے جب کبھی بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی ان کا بھی استقبال ایسا ہی کیا جائے گا۔]