ایشیا کپ: بولرز کے بعد بیٹرز کی بھی شاندار کارکردگی، پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی ہرادیا

ایشیا کپ کے سپر فو ر مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے بنگلادیش کا194 رنز کا ہدف با آسانی 40 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، امام الحق 78 اور محمد رضوان 63 رنز بناکر نمایاں رہے۔

لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت بنگلادیشی ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، مشفیق الرحیم 64 اور کپتان شکیب الحسن نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

فاسٹ بولر حارث رؤف نے 19رنزدے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ نے 3 جبکہ شاہین آفریدی،فہیم اشرف اور افتخار احمد نےایک، ایک وکٹ لی۔

 بنگلادیش کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے اسپنر محمد نواز کی جگہ لی۔

قومی ٹیم میں اوپنر امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، افتخار احمد، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاداب خان، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ شامل تھے۔

بنگلادیش کی اننگز

سپر فو ر مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلا دیش  نے پاکستان  کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن میچ آغاز سے ہی بنگلادیش کیلئے  اچھا ثابت  نہ ہوسکا۔

میچ کے دوسرے اوور میں  بنگلادیشی اوپنرز مہدی حسن میراز بغیر کوئی رنز کیے نسیم شاہ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔ بنگلادیش کو دوسرا نقصان  پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر لٹن داس کی  صورت میں اٹھانا پڑا جب بنگلادیشی بیٹر لٹن داس  16 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے جس کے بعد  بنگلادیش کی اگلی دو وکٹیں فاسٹ بولر  حارث رؤف کے حصے میں آئیں۔

حارث رؤف نے اوپنر محمد نعیم کو 20 اور  توحید ہردوئے کو صرف 2 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

بنگلادیش کو پانچواں نقصان کپتان شکیب الحسن کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 53 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔پاکستان کےخلاف بنگلادیشں کی چھٹی وکٹ 174 رنز پرگری جب شمیم حسین 16 رنزپر افتخار احمد کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد سیٹ بیٹر مشفیق الرحیم 64 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر وکٹ دے بیٹھے اور پھر نئے آنے والے بیٹر تسکین احمد بھی صفر پر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیش کی آخری دو وکٹیں نسیم شاہ نے اُڑائیں، عاطف حسین 12 اور شریف السلام ایک رنز بناکر پویلین لوٹے۔

یوں  بنگلادیش کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی۔

حارث رؤف کے ون ڈے کرکٹ میں 50 شکار مکمل

پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے 50 شکار مکمل کرلیے ۔

حارث رؤف نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بنگلادیش کے خلاف میچ میں اپنے ون ڈے کرکٹ کی50 وکٹیں مکمل کیں۔بنگلا دیش کے محمد نعیم حارث رؤف کا پچاسواں شکار بنے۔

حارث رؤف نے اپنے27 ویں ون ڈے میچ میں 50 وکٹیں مکمل کرنے کا سنگِ میل عبور کیا۔وہ وقار یونس کے ساتھ مشترکہ طور پر ون ڈے میں 50 وکٹیں لینے والے تیسرے تیز ترین پاکستانی بولر ہیں۔

اس سے قبل فاسٹ بولر حسن علی نے 24، شاہین آفریدی نے 25 جبکہ وقار یونس نے بھی 27 ون ڈے میچز میں 50 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

پاکستان کی اننگز

بنگلادیش کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور جب 5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنائے تو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان کی اننگز کے دوران ایک لائٹ ٹاور بند ہوگیا۔

لائٹ ٹاور کی بندش کی وجہ سے کھیل کچھ دیر تک روکا گیا،کھیل رکنے کے باعث پلیئرز فیلڈ سے چلے گئے تھے۔تاہم 18 منٹ کھیل رُکے رہنے کے بعد دوبارہ شروع ہوا۔

دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 35 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پھر فخر زمان ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 20 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ صرف 17 رنز بناکر تسکین احمد کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ایسے میں امام الحق اور رضوان نے شاندار بیٹنگ کی۔

لیکن پھر امام الحق 84 گیندوں پر 78 رنز بناکر بولڈ ہوگئے جبکہ رضوان نے ناقابل شکست 63 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ سلمان علی آغا نے 12 رنز بنائے، یوں پاکستان نے ہدف39.3 اوورز میں 3 وکٹوں کےنقصان پر حاصل کرلیا۔

بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

بابر اعظم بطورکپتان تیز ترین 2 ہزار رنز بنانے والے پلیئر بن گئے،انہوں نے بطور کپتان 31 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔

اس سے قبل ویرات کوہلی نے بطور کپتان 2 ہزار رنز 36 اننگز میں مکمل کیے تھے۔

بابر اعظم نے یہ کارنامہ آج لاہور میں ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے میں بنگلا دیش کے خلاف میچ میں چھٹا رن لے کر سر انجام دیا۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش کے خلاف فتح کے بعد  پاکستان ایشیا کپ کے سپر فور ٹیبل کے ٹاپ پر آگیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *