یوکرین نے ماسکو کے بزنس حب پر ڈرون حملے کیے: روس کا الزام
روس نے یوکرین پر الزام عائد کیا ہےکہ اس نے دارالحکومت ماسکو کے بزنس حب پر ڈرون حملے کیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہےکہ یوکرین نے ماسکو کے وسطی علاقے میں ایک بلڈنگ کو نشانہ بنایا جس میں بلڈنگ پر ڈرون حملہ کیا گیا جس کے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
روسی حکام کے مطابق یوکرین نے ماسکو کے بزنس ڈسٹرکٹ کو نشانہ بنایا ہے تاہم ائیر ڈیفنس نے یوکرینی ڈرون کو تباہ کردیا جس کا ملبہ ایکسپو سینٹر پر گرا۔
میئر ماسکو سرگئی سوبیانن کا کہنا ہےکہ یوکرین کی جانب سے دارالحکومت پر تسلسل سے ڈرون حملے کیے جارہے ہیں جس میں اس بار شہر کے اہم کاروباری حب کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق یوکرین کے ڈرون حملے کی کچھ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس میں ماسکو کی فضا میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو پر ڈرون حملے کےبعد یوکرینی حکام نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے جب کہ کیف کے حکام نے بھی ماسکو پر ڈرون حملوں کی باضابطہ کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔
روسی وزیر دفاع کا کہنا ہےکہ یوکرین نے مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجے کے قریب ڈرون حملے کیے جس کے فوری بعد روسی ائیر ڈیفنس متحرک ہوا تو یوکرین کے ڈرونز نے اپنا رخ تبدیل کرلیا۔
وزیر دفاع کے مطابق روسی ائیر ڈیفنس کے حرکت میں آنے کے بعد یوکرین کی جانب سے غیر رہائشی علاقوں میں ڈرونز داغے گئے تاہم اس کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
حکام کا کہنا ہےکہ ڈرونز کا ملبہ گرنے سے آتشزدگی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور اس کے نتیجے میں کوئی بڑا نقصان بھی نہیں ہوا ہے۔