مارک زکربرگ نے ایلون مسک کو غیرسنجیدہ قرار دے کر کیج فائٹ کا امکان ختم کر دیا
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ وہ ایلون مسک سے مجوزہ کیج فائٹ کے خیال کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں کیونکہ ٹیسلا کے مالک سنجیدہ نہیں۔
خیال رہے کہ 20 جون کو ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ایک صارف کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے بظاہر مذاق میں مارک زکربرگ کو فائٹ کا چیلنج کیا تھا۔
جو جسٹو مارشل آرٹ کے ماہر مارک زکربرگ نے بھی 21 جون اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ‘مجھے لوکیشن بھیجیں’۔
اب لگ بھگ 2 ماہ بعد مارک زکربرگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز پر اپنے ایک میسج میں کہا کہ ‘میرے خیال میں ہم سب اس سے اتفاق کر سکتے ہیں کہ ایلون مسک اس معاملے میں سنجیدہ نہیں اور اب وقت آگے بڑھنے کا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں نے ایک تاریخ کی پیشکش کی، Dana White (یو ایف سی باس) نے مقابلے کے لیے پیشکش کی، مگر ایلون مسک نے تاریخ کی تصدیق نہیں کی، پھر کہا کہ مجھے سرجری کی ضرورت ہے اور اب میرے احاطے میں تصاویر کا کہہ رہے ہیں’۔
مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ ‘اگر ایلون مسک کبھی حقیقی تاریخ اور آفیشل ایونٹ کے لیے سنجیدہ ہوئے تو وہ جانتے ہیں کہ مجھ سے کیسے رابطہ کیا جا سکتا ہے، ورنہ اب اس معاملے کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنے کا وقت ہے، میری توجہ اب ایسے افراد پر ہوگی جو اس کھیل کو سنجیدہ لیتے ہیں’۔
واضح رہے کہ 7 اگست کو ایلون مسک نے کہا تھا کہ ‘فائٹ کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، کل میں اپنی گردن اور بالائی کمر کا ایم آر آئی کروا رہا ہوں’۔
ایلون مسک کا کہنا تھا کہ شاید فائٹ سے قبل سرجری کی ضرورت ہو، اس کا علم رواں ہفتے ہو جائے گا۔
11 اگست کو ایلون مسک نے کہا کہ ان کی مارک زکربرگ کے ساتھ کیج فائٹ ایکس اور میٹا پر لائیو اسٹریم کی جائے گی اور کچھ آپ کیمرے میں دیکھیں گے وہ اٹلی کے دارالحکومت روم میں ہوگا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اٹلی کی حکومت اس فائٹ کی میزبان بننے کے لیے تیار ہوگئی ہے مگر اطالوی وزیر ثقافت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ابھی روم میں کسی ایونٹ کا انعقاد نہیں ہو رہا۔
بعد ازاں 12 اگست کو ٹیسلا کے مالک نے کہا کہ کندھے کی سرجری سے ریکور ہونے کے لیے انہیں چند ماہ درکار ہوں گے۔