مودی کی فرمائش بی سی سی آئی کو مہنگی پڑگئی، ایکس سے ‘گولڈن ٹک’ گنوا دیا

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے وزیر اعظم نریندر مودی کی فرمائش ماننے پر سوشل میڈیا سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) سے گولڈن ٹک گنوا دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے اپنے مصدقہ ایکس اکاؤنٹ پر 77ویں یوم آزادی سے قبل ڈسپلے پکچر میں بھارتی ‘ترنگے’ کی تصویر لگائی جس کے بعد اکاؤنٹ کا گولڈن ٹک ہٹ گیا۔

ہوا کچھ یوں کہ 13 اگست کو نریندر مودی نے ایکس پر پیغام جاری کیا اور بھارتی شہریوں سے درخواست کی کہ سب اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ڈسپلے پکچر پر بھارتی جھنڈے کی تصویر لگائیں۔

مودی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ‘ہر گھر ترنگا تحریک کے جذبے کے تحت، آئیے ہم اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ڈی پی کو تبدیل کریں، یہ انوکھی کوشش ہمارے پیارے ملک اور ہمارے درمیان تعلق کو مزید گہرا کرے گی’۔

رپورٹس کے مطابق مودی کی اس فرمائش کے بعد حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کئی رہنماؤں سمیت بی سی سی آئی نے بھی ڈی پی تبدیل کی، جس کے بعد ان سب کا گولڈن ٹک یا بلیو ٹک ختم ہوگیا۔

بھارتی رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم مودی نے بھی مہم کا حصہ بنتے ہوئے  اپنی ڈسپلے تصویر کو ہندوستانی ترنگے میں تبدیل کیا تاہم، ان کی گرے ٹک کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے نہیں ہٹایا۔

ایکس نے گولڈن ٹک کیوں ہٹایا؟

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس کے مالک ایلون مسک نے 2022 میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد اس کی پالیسی میں کئی تبدیلیاں کیں جن میں سے ایک مفت بلیو ٹک کو ختم کرکے اکاؤنٹ کو ویریفائیڈ کرانے کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنا تھا۔

مسک نے مفت بلیو سروس کو کرپٹ قرار دیا تھا، کیونکہ کئی معروف شخصیات کے جعلی اکاؤنٹس بنالیے گئے تھے، تاہم نئی پالیسی کے تحت تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو ان کے اصلی نام استعمال کرنے اور تصاویر ڈسپلے کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

بی سی سی آئی کا اکاؤنٹ “BCCI” کے نام سے تصدیق شدہ تھا اور اس نے اپنی ڈسپلے پکچر کے طور پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لوگو کی تصویر کا استعمال کیا تھا لیکن جب بی سی سی آئی نے اپنی ڈسپلے تصویر کو ہندوستانی ترنگے میں تبدیل کر دیا، تو X نے اس اکاؤنٹ سے گولڈن ٹک ہٹا دیا۔

ایکس کے ترمیم شدہ معیار کے مطابق اب انتظامیہ بی سی سی آئی کی پروفائل کا جائزہ لے گی اور  اگر یہ تمام اصولوں پر پورا اترے گی تو اس کا بلیو ٹِک بحال کیا جائے گا۔

بی سی سی آئی کے ایکس اکاؤنٹ پر پہلے بلیو ٹک تھا لیکن ایلون مسک نے اپنے 44 بلین ڈالر کے حصول کے بعد پلیٹ فارم کے معیار کو تبدیل کر دیا۔

گولڈن ٹکس کن اکاؤنٹس پر ہوتے ہیں؟

نئی پالیسی کے تحت گولڈ ٹِکس تصدیق شدہ کمپنیوں یا سرکاری کمپنیوں کو دیے جاتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی ایک خود مختار ادارے کے زمرے میں آتا ہے اس لیے اسے  گولڈن ٹک ملا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *