پرویز الٰہی کا راہداری ریمانڈ منظور، کل لاہور کی عدالت میں پیش کیا جائیگا
اڈیالہ جیل سے رہا ہونے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
جیل انتظامیہ کے مطابق پرویز الٰہی کو نظر بندی آرڈر کی مدت مکمل ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے چوہدری پرویز الٰہی کو جیل سے رہا ہوتے ہی حراست میں لے لیا۔
چوہدری پرویز الٰہی کو جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈ میں ڈیوٹی مجسٹریٹ خالد حیات کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
نیب کی جانب سے عدالت سے چوہدری پرویز الٰہی کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی، دلائل سننے کے بعد ڈیوٹی مجسٹریٹ خالد حیات نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعد ازاں ڈیوٹی مجسٹریٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا جس کے بعد نیب ٹیم انہیں لے کر لاہور کے لیے روانہ ہو گئی۔ چوہدری پرویزالٰہی کو کل لاہور میں متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
صحافی کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ چوہدری صاحب آپ کو بار بار گرفتار کیا جا رہا ہے، جس پر صدر پی ٹی آئی نے جواب دیا شوق پورا کرنے دو ان کو۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو 19 جولائی کو کیمپ جیل لاہور سے نکال کراڈیالہ جیل پہنچایا گیا تھا۔ پرویز الٰہی کو 3 ایم پی او کے تحت نظربند کیاگیا اور ان کی نظر بندی کے احکامات ڈپٹی کمشنر لاہور نے جاری کیے تھے جو 30 روز کے لیے تھے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے تھری ایم پی او کے تحت اپنی نظر بندی کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج بھی کیا تھا۔