سعودی عرب یوکرین میں امن کیلئے مذاکرات کی میزبانی کرے گا
سعودی عرب یوکرین میں امن کے لیے مذاکرات کی میزبانی کرے گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سینئر یوکرینی حکام نے بتایا کہ سعودی عرب ایک سمٹ کی تیاری کررہا ہے جس میں یوکرین کے صدرولودومیر زیلنسکی کے ملک میں امن کے لیے منصوبے سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔
یوکرینی صدر کے چیف آف اسٹاف آندرے یرمیک نے کہا کہ سعودی عرب میں ہونے والی اس سمٹ میں کئی ممالک کے حکام شریک ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر کے چیف آف اسٹاف کی جانب سے سمٹ کی تاریخ اور شہر کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
اس سے قبل امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے یوکرین کے معاملے پر سفارتکاروں کی سمٹ کے حوالے سے رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ یوکرین میں امن کے لیے بات چیت 5 اور 6 اگست کو جدہ میں ہوگی جس میں 30 ممالک شرکت کریں گے۔
امریکی اخبار نے لکھا تھا کہ یوکرین اور مغربی حکام کو امید ہےکہ یہ اقدمات پیس سمٹ کو کامیاب بناسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں یوکرین نے امن فارمولے کے لیے 10 نکات بھی پیش کیے تھے جس میں یوکرین کی زمینی خودمختاری کی بحالی، روسی فوجیوں کی دستبرداری اور تمام قیدیوں کی رہائی بھی شامل تھی۔