’آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی مہنگی کی، لائف لائن صارفین زمرے میں نہیں آئینگے‘
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط کی وجہ سے بجلی کے نرخ بڑھانے پڑے لیکن لائف لائن اور پروٹیکٹڈ صارفین اس کے زمرے میں نہیں آئیں گے۔
اسلام آباد میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان پیٹرولیم کی صنعت میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاہدے کی مدت ایک سال ہے جوکہ مزید ایک سال بڑھایا جاسکتا ہے، معاہدے کے دوران ہر ماہ ایل این جی کا ایک جہاز خریدا جائےگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت اگر ہم کارگو نہیں لیں گے تو جرمانہ نہیں ہوگا، ایل این جی کارگو کی خریداری کا اختیار پاکستان کے پاس ہوگا، معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نےکہا کہ میں نے سختی سے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافےکا بوجھ غریبوں پر نہیں پڑنے دوں گا، 63 فیصد گھریلو صارفین پر بجلی کی قیمتوں میں اضافےکا بوجھ نہیں پڑےگا، 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی کے ریٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، 31 فیصد گھریلو صارفین کو بجلی کی مد میں جزوی سبسڈی دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرط تھی کہ بجلی کے نرخ بڑھانے ہیں، آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے مجبوری میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔