مون سون کا اگلا اسپیل 31 جولائی سے شروع ہوگا، فلیش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ
اسلام آباد: مون سون کا اگلا اسپیل 31 جولائی تا 6 اگست جاری رہے گا جس میں فلیش اور اربن فلڈنگ سمیت لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ برقرار رہے گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس قائم مقام چیئرمین این ڈی ایم اے کی زیرصدارت ہوا جس میں محکمہ موسمیات، فیڈرل فلڈ کمیشن، پی ڈی ایم ایز اور دیگر محکموں کے حکام نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں اجلاس میں حالیہ بارشوں سے پیدا صورتحال ، ریسکیو و ریلیف آپریشن، فلیش فلڈنگ کی وجہ سے سڑکوں اور پلوں کی بحالی سمیت ڈیمز اور دریاؤں کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تربیلا اور منگلا اپنی گنجائش سے 70 فیصد سے زائد بھر چکے ہیں، بھارتی ڈیمز پونگ اور تھین بھی مکمل طور پر بھر چکے ہیں جس کی وجہ سے بھارت دریائے راوی میں پانی چھوڑ سکتا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ اگلا مون سون اسپیل 31 جولائی تا 6 اگست جاری رہے گا، اگلے مون سون اسپیل میں فلیش اور اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ برقرار رہے گا جب کہ موسلادھار بارشوں سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو مواصلاتی نظام کی بحالی تیز کرنے اور مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مون سون کے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی مہم جاری رکھنے، متعلقہ اداروں کو دریاؤں اور بھارتی ڈیمز میں پانی کے اخراج کی نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔