سعودیہ کے بعد متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان کو ایک ارب ڈالرز منتقل کردیے
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کو ایک ارب ڈالرز منتقل کردیے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ یو اے ای نے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرادی ہے اور ان کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی تصدیق کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور پاکستان کے عوام کی جانب سے یو اے ای کی قیادت کا مشکور ہوں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ سعودی عرب اور یو اے ای سے 3 ارب ڈالرز آچکے ہیں، اس سے ہمارے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر جمع کروائے تھے۔
خیال رہے کہ وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کےدرمیان ایکسٹرنل فنانسنگ کا معاملہ طے پاگیا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے بھیجے گئے 8.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کا منصوبہ مان لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف، عالمی بینک، ایشین ڈیولپمنٹ بینک، چین، سعودیہ اور یو اے ای سے فنانسنگ حاصل کرنی ہے جب کہ رواں مالی سال کے دوران چین سے 3.5 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کیا جائےگا۔
وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کرنی تھی۔
اس کے علاوہ یو اے ای سے ایک ارب ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالرکی فنانسنگ اور عالمی بینک سے 50 کروڑ ڈالرکی فنانسنگ حاصل کرنی ہے۔