آئی ایم ایف وفد کی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات، شوکت ترین نے آن لائن بریفنگ دی

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد  نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے زمان پارک لاہور میں ملاقات کی۔

آئی ایم ایف کے وفد اور چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

ذرائع نے بتایاکہ ملاقات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی بھی شریک تھے جبکہ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے ویڈیو لنک پر آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ٹوئٹ میں بتایاکہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات میں ریذیڈنٹ نمائندے ایستھرپیریز نے شرکت کی جبکہ آئی ایم ایف کے کنٹری چیف نیتھن پورٹر نے واشنگٹن سےورچوئل شرکت کی۔

ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف ٹیم سے اسٹاف لیول معاہدے سے متعلق بات چیت ہوئی، آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالرز کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کےلیے معاہدہ طےکیا ہے، اس تناظر میں ہم مجموعی مقاصد اور کلیدی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں۔

نمائندہ آئی ایم ایف کے مطابق آئی ایم ایف وفد کی جانب سے پاکستان میں سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، ملاقاتوں کا مقصد انتخابات سے پہلے آئی ایم ایف کے نئے سپورٹ پروگرام کیلئے سیاسی جماعتوں کی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا یہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔

آئی ایم ایف سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت 2.6 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے، پاکستان کو یہ رقم قسطوں میں موصول ہوسکتی ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اصولی طور پر معاملات طے پاگئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *