پیرس میں وزیراعظم شہباز شریف کی اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

نیاعالمی اقتصادی نظام بنانے کیلئے 2 روزہ پیرس کانفرنس شروع ہوچکی ہے، فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے۔

سربراہی اجلاس میں 50 سے زائد ممالک کے سربراہانِ مملکت شرکت کر رہے ہیں، کانفرنس کا مقصد پسماندہ ممالک میں غربت اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت بہترکرنا ہے۔

کانفرنس کی سائیڈ لائنز  پر وزیر اعظم شہباز شریف کی اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف کی پیرس میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور شہزادہ محمد بن سلمان نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبد العزیز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی حکومت، عوام کیلئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نےدوطرفہ تعاون کےفروغ کیلئے اشتراک عمل مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں سے بھی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں سے بھی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر نے مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرأت مندانہ قدم اٹھایا ہے، ترقی پذیر ممالک کو  وسائل کی کمی، قرض ادائیگیوں اور منجمد ترقی کا سامنا ہے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت ترقی پذیر ممالک کے مدد کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلیوں نے ترقی پذیر ممالک کو مزید مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم کی مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے مصر کے صدر  عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کی۔

مصری صدر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شرم الشیخ نےلاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے عزم سے عالمی سطح پر اہم پیشرفت کی بنیاد رکھی ہے، شرم الشیخ میں جس سیاسی عزم کا اظہارکیاگیا وہ بتدریج آگے بڑھ رہاہے۔

دونوں قائدین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ اور پاکستان اور مصر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں قائدین نے عالمی اورعلاقائی امور پر باہمی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

شہبازشریف کی امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی جان کیری سے ملاقات

وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری سے بھی ملاقات کی۔

اس ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور جان کیری نے ایک دوسرے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وزیراعظم نے ماحولیات کے مسئلے پر جان کیری اور امریکی حکومت کی ترجیحات کو سراہا، وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے لہٰذا مشترکہ حکمت عملی اور کوششیں درکار ہیں، ماحولیاتی مسائل خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کی ترقی کو بری طرح متاثر کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ شدید معاشی مشکلات میں 2022 میں کے تباہ کن سیلاب نے مسائل کو مزید مشکل بنادیا،  لاس اینڈڈیمیج فنڈکے قیام کےبعد وسائل کی فراہمی کے وعدوں کو عملی شکل دینا اہم  ہے، نئےعالمی مالیاتی معاہدے کیلئے  پیرس کانفرنس ترقی پذیر ممالک کیلئے امید کا پیغام ہے، ترقی پذیر ممالک کو وسائل دینےکیلئے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات ضروری ہیں۔

جان کیری نے موسمیاتی تبدیلیوں سے ترقی پذیر ممالک کیلئے خطرات میں اضافےسے اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ کوششوں کیلئے رابطے برقرار  رکھنے اور مشاورت سے آگے  بڑھنے  پر  اتفاق کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیراعظم کا جوابی خیر سگالی کے پر جوش جذبات سے خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم کی آئی ایم ایف کی سربراہ سے ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہ اجلاس کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری تعاون اور پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *