فٹبال کلب کو انکار کے باوجود میسی سعودی عرب سے کتنے کروڑ ڈالرز کما رہے ہیں؟
معروف فٹبالر لیونل میسی نے سعودی کلب کے لیے کھیلنے کی پیشکش تو مسترد کر دی مگر پھر بھی وہ سعودی عرب سے کروڑوں ڈالرز کما رہے ہیں۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے فٹبالر نے سعودی عرب کے سیاحتی سفیر کے طور پر کام کرنے کے لیے پرکشش معاہدہ کیا ہوا ہے۔
لیونل میسی نے 2021 میں اس معاہدے پر دستخط کیے تھے مگر اس کی تفصیلات اب سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیونل میسی کو سعودی عرب کے سیاحتی سفیر کے طور پر 3 سال کے دوران ڈھائی کروڑ ڈالرز (7 ارب 17 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) معاوضہ دیا جائے گا۔
اس معاہدے کے تحت لیونل میسی کو سعودی عرب میں سفر کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کرنا ہوں گی۔
خیال رہے کہ مئی 2023 میں لیونل میسی اپنے خاندان کے ساتھ سعودی عرب میں چھٹیاں منانے کے لیے گئے تھے۔
اس معاہدے کے تحت فٹبالر کو سعودی عرب کے حوالے سے منفی بیانات دینے سے روکا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاہدے کی ہر شرط کو پورا کرنے پر لیونل میسی کو معاوضہ دیا جائے گا جیسے سال میں ایک بار خاندان کے ساتھ سعودی عرب آنے پر انہیں 20 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ سفری اخراجات بھی سعودی حکومت ادا کرے گی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ہر شرط پوری کرنے پر 20 لاکھ ڈالرز لیونل میسی کے بینک اکاؤنٹ کا حصہ بنیں گے۔
خیال رہے کہ لیونل میسی کو سعودی کلب الہلال نے سالانہ 49 کروڑ ڈالرز سے زائد معاوضہ کی پیشکش کی تھی مگر انہوں نے امریکا کی انٹر میامی میں شمولیت کو ترجیح دی۔ امریکی فٹبال کلب کی جانب سے لیونل میسی کو کتنا معاوضہ دیا جائے گا، یہ ابھی معلوم نہیں۔