بپر جوائے کراچی کے جنوب کی جانب گامزن، شہر میں مطلع ابر آلود، تیز ہواؤں کا راج
شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان ’بپر جوائے‘ کی شدت میں کمی آگئی ہے۔
پاکستان اور بھارت کی جانب پیش قدمی کرنے والے چوفان بپر جوائے ’انتہائی شدید سائیکلونک اسٹارم‘ سے ایک درجہ کم شدید ہوکر ’بہت شدید سائیکلونک اسٹارم‘ میں تبدیل ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے اندازوں کے مطابق طوفان 15جون کی دوپہر یا شام کو سندھ میں کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرائے گا، طوفان میں ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔
سمندری طوفان کراچی سے 410 اور ٹھٹہ سے 400 کلومیٹر کی دور رہ گیا ہے، ٹھٹہ، سجاول اور بدین کے ساحلی علاقوں میں بارش اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ کیٹی بندر پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ہے۔
سمندری طوفان کے مرکز اور اطراف میں ہواوں کی رفتار 140سے 165 کلو میٹرفی گھنٹہ کے درمیان ہے۔
طوفان کے مرکز کے گرد لہریں 30 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں۔ 14 جون کے بعد طوفان شمال مشرق کی جانب رخ کرے گا، 15جون کی دوپہر یا شام کو طوفان سندھ میں کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرائے گا۔
جنوب مشرقی ساحلی پٹی پرطوفان پہنچنے کے باعث آندھی ،گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ جنوب مشرقی سندھ میں کچھ مقامات پر انتہائی شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔ ٹھٹھہ ،سجاول ،بدین ،تھرپارکر، عمرکوٹ میں آج سے 17 جون تک گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کاامکان ہے۔ ان علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 80 سے 100 اور کبھی 120 کلو میٹر فی گھنٹہ بھی رہ سکتی ہے۔
کراچی ، حیدرآباد میں 14 سے 16 جون کے درمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو الٰہ یار ،میرپورخاص میں بھی میں 14 سے 16 جون تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے اور ہوائیں 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
طوفان کے دوران کیٹی بندر اور اس کے اطراف لہریں 8 سے 12 فٹ بلند ہوسکتی ہیں، ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 17 جون تک کھلے سمندر میں نہ جائیں۔