فرنچ اوپن میں فتح، جوکووچ سب سے زیادہ گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی بن گئے
سربیا کے نوواک جوکووچ نے فرنچ اوپن جیت کر سب سے زیادہ گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔
اتوار کو پیرس میں کھیلے گئے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جوکووچ نے ناروے کے کیسپر رود کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔
فائنل میں جوکووچ اور کیسپر کے درمیان پہلے سیٹ میں دلچسپ مقابلہ ہوا ، مقابلہ ٹائی بریکر تک گیا ، جس میں جوکووچ نے کامیابی اپنے نام کی۔
دوسرے سیٹ میں کیسپر رود جم کے مقابلہ نہ کر سکے ، جوکووچ نے اس سیٹ میں صرف تین گیم مس کیے اور سیٹ جیت لیا۔
فائنل کا تیسرا سیٹ فیصلہ کن ثابت ہوا ، جس میں جوکووچ نے 5-7کی فتح کے ساتھ تیسری مرتبہ فرنچ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اس کامیابی کے ساتھ جوکووچ سب سے زیاہ 23 گرینڈ سلم ٹینس ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی بن گئے۔جوکووچ آسٹریلین اوپن 10 ، ومبلڈن 7 اور یو ایس اوپن 3 مرتبہ جیت چکے ہیں۔
اس سے قبل سب سے زیادہ گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ اسپین کے رافیل نڈال کے پاس تھا، جنہوں نے 22 ٹائٹل اپنے نام کیے جبکہ راجر فیڈرر نے 20 گرینڈ سلم جیتے۔