الیکشن کے بعد بھی معاشی بہتری نظر نہیں آرہی: شبر زیدی
سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ ملک تیزی سے معاشی ناکامی کی طرف جارہا ہے، وزیر خزانہ کی مجبوری ہے وہ کیسے کہہ دیں کہ خزانہ خالی ہے۔
لاہورمیں جشن جون ایلیا کے دوسرے روز بھی مختلف سیشن ہوئے جس میں بجٹ اور معیشت پر سیشن میں ایف بی آر کے سابق چیئرمین شبر زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان ملکی اور غیر ملکی قرضے ادا نہیں کرسکتا، الیکشن کے بعد بھی معاشی بہتری نظر نہیں آرہی، الیکشن کے بعد آنے والی حکومت ایک سال سے زیادہ نہیں چل سکےگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک تیزی سے معاشی ناکامی کی طرف جا رہا ہے، وزیر خزانہ کی مجبوری ہے وہ کیسے کہہ دیں کہ خزانہ خالی ہے، ہم بھارت سے کیوں نہیں سیکھ سکتے؟
تقریب میں شامل قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ ریونیو اہداف حاصل نہیں ہو رہے، سابق حکومت نے تین ارب ڈالر زیروریٹ پر لٹا دیے، معیشت وینٹی لیٹر پر ہے اور ہم اس کی شادی کی تاریخ طے کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر سینئر تجزیہ کار حامد میر کا کہنا تھاکہ 9 مئی کو نظر انداز نہیں کرسکتے، جن کو سیاست سے علیحدہ ہونے کی ضرورت ہے وہ بھی تو ہوں۔