کیویز نے پانچواں ٹی ٹوئنٹی جیت کر سیریز برابر کر دی
پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی، ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
آخری ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ نے مارک چیپمین کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کا 194 رنز ہدف باآسانی4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپمین ناقابل شکست104 اور جمی نیشم 45 رنز بناکر نمایاں رہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے محمد رضوان کے ناقابل شکست 98 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابر اعظم اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 51 رنز کا آغاز فراہم کیا، بابر اعظم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر محمد حارث بھی گولڈن ڈک پر آؤٹ ہو گئے، اگلے ہی اوور میں صائم ایوب بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد رضوان اور افتخار احمد نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور محمد رضوان نے 33 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی جبکہ افتخار احمد 36 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
عماد وسیم 31 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے 62 گیندوں پر 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔