خانہ جنگی کے باعث سوڈان سے غیر ملکی سفارتکاروں اور شہریوں کے انخلا کا عمل جاری

فوج اورپیراملٹری فورس کے درمیان خانہ جنگی کے باعث سوڈان سے غیر ملکی سفارت کاروں اور شہریوں کے انخلا کا عمل جاری ہے۔

سعودی عرب، امریکا، فرانس، برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی یورپی اور افریقی ممالک نے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو سوڈان سے نکال لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے ہفتے کو اپنے 91  اور دیگر ممالک کے 66 شہری سوڈان سے نکالے جبکہ امریکا نے اتوار کی شب خرطوم سے 100 کے قریب سفارتی عملے کو نکالا تاہم دوہری شہریت کے حامل افراد سمیت ہزاروں امریکی شہری اب بھی سوڈان میں موجود ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فرانس نے دو مرحلوں میں 200 افراد کو سوڈان سے نکالا، برطانیہ نے بھی اپنے سفارتی عملے اور ان کی فیملی کو نکال لیا۔

غیرملکیوں کو فضائی، سمندری اور زمینی راستوں سے سوڈان سے نکالا جا رہا ہے، خرطوم ریجن کے ائیرپورٹ سے انخلا پیچیدہ آپریشن کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔

خیال رہےکہ سوڈان میں فوج اور پیراملٹری فورسز کی جھڑپوں میں اب تک400 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی بھی ہوئے، جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں میں 5 امدادی کارکن بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق فوج اور پیراملٹری فورسز کی جھڑپوں کے دوران 20 ہزار افراد  جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں سرحد پار چاڈ میں حفاظت کے لیے سوڈان سے فرار ہو چکے ہیں۔