وزیر قانون نے جونیئر ججز کو سپریم کورٹ لانے کیلئے ووٹ دینے پر قوم سے معافی مانگ لی
وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے 2 جونیئر ججز کو سپریم کورٹ لانے کے لیے ووٹ دینے پر قوم سے معافی مانگ لی۔
حکومتی جماعتوں کی پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے وزیر قانون سے سوال پوچھا کہ اپ کو 2 جونیئر ججز کو سپریم کورٹ میں لانے میں کردار ادا کرنے پر پچھتاوا ہے؟
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے جواب دیا کہ ہمارے مذہب میں توبہ کا حکم ہے، دو جونیئر ججز کو سپریم کورٹ لانے کے معاملے پر عوام کے سامنے معافی مانگتا ہوں، میرے ذاتی مؤقف کے باوجود حکومتی مؤقف کے تابع مجھے ووٹ ڈالنا پڑا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا میں کبھی اس ووٹ کے حق میں نہیں تھا، میں مانتا ہوں کہ میں نے ووٹ دیا، مجھے ووٹ نہیں دینا چاہیے تھا، مجھے اصول کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا، میں پوری قوم سے معذرت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وہ وقت کھڑے ہونے کا وقت تھا، حکومت کو بھی کھڑا ہونا چاہیے تھا اور مجھے اس سے زیادہ کھڑا ہونا چاہیے تھا۔