آئندہ برس پاکستان میں شرح نمو اور روزگار بڑھے گا، مہنگائی کم ہوگی: آئی ایم ایف
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے آئندہ برس پاکستان میں شرح نمو میں اضافے، مہنگائی میں کمی اور روزگار بڑھنے سے متعلق خوشخبری سنا دی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کی گئی ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی ہدف سے زیادہ جبکہ گروتھ کم رہے گی۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ میں رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ 0.5 فیصد رہنے، مہنگائی شرح 27.1 فیصد اور کرنٹ اکاونٹ خسارہ جی ڈی پی کا 2.3 فیصد تک ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان میں بیروزگاری کی شرح 6.2 فیصد تھی جبکہ رواں سال بیروزگاری کی شرح 7 فیصد تک ہوجائے گی۔
ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں آئی ایم ایف کی جانب سے آئندہ مالی سال کیلئے ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف رپورٹ میں آئندہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ 3.5 فیصد اور مہنگائی کم ہو کر 21.9 فیصد، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 2.4 فیصد تک رہنے کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آئندہ مالی سال بیروزگاری کی شرح 7 فیصد سے کم ہو کر 6.8 فیصد رہنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق رواں سال پاکستان کا مجموعی قرض جی ڈی پی کا 73.6 فی صد رہے گا جبکہ اگلے سال ملکی قرضہ کم ہو کر جی ڈی پی کا 68.9 فی صد ہو جائے گا، رواں سال جی ڈی پی کا حجم 85.4 ٹریلین رہے گا جو اگلے سال بڑھ کر 108.4 ٹریلین ہو جائے گا۔