دنیائے کرکٹ کے نامور امپائر علیم ڈار کا شاندار کیریئر اختتام پذیر

دنیائے کرکٹ کے نامور امپائر پاکستان کے علیم ڈار انٹرنیشنل کرکٹ سے باضابطہ طور پر ریٹائر ہوگئے، ان کا طویل کیریئر بنگلادیش اور آئرلینڈ کے ٹیسٹ میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

گزشتہ ماہ پاکستانی امپائر علیم ڈارنے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایلیٹ پینل سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم انہوں نے 4 سے 7 اپریل تک جاری بنگلا دیش اور آئر لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میں آخری بار امپائرنگ کی۔

بنگلادیش کی جیت اور میچ کے اختتام کے ساتھ ہی علیم ڈار کا شاندار کیریئر اختتام کو پہنچ گیا، ریٹائرمنٹ کے موقع پر بنگلادیش اور آئرلینڈ ٹیم کی جانب سے علیم ڈار کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔

واضح رہے کہ علیم ڈار نے 439 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے جو کہ ورلڈ ریکارڈ ہے، انہوں نے 145ٹیسٹ، 225 ون ڈے اور 69 ٹی ٹوئنٹی میچز سُپر وائز کیے ۔

علیم ڈار آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی امپائر تھے۔ وہ 2004 میں ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ علیم ڈار نے 2009 سے 2011 تک مسلسل تین بار بہترین امپائر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔