خلا میں چہل قدمی کرنے والے پہلے عرب خلا باز کون ہیں؟

ناسا کے طویل المدتی خلائی مشن کے دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے تعلق رکھنے والے پہلے عرب خلاباز ’اسپیس واک‘ کریں گے۔

یو اے ای کے سلطان النیادی خلا کا سفر کرنے والے اپنے ملک کے دوسرے اور ’اسپیس واک‘ کرنے والے عرب دنیا کے پہلے خلا باز ہوں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق سلطان النیادی اس وقت بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن میں ناسا کے 6 ماہ طویل  مشن پر موجود ہیں، وہ 28 اپریل کو ناسا کے فلائٹ انجنیئر اسٹیفن باؤن کے ہمراہ ساڑھے 6 گھنٹے طویل ’اسپیس واک‘ کا حصہ ہوں گے۔

یو اے ای کے خلاباز سلطان النیادی نے ناسا کے خلا میں مائیکرو گریوٹی میں انسانی خلیے کی نشونما پر تجربات کیلئے بھیجے گئے مشن کے ہمراہ 2 مارچ کو کینیڈی اسپیس اسٹیشن سے خلا کا سفر شروع کیا تھا۔

’اسپیس واک‘ خلابازوں کے اسپیس شپ یا اسپیس اسٹیشن سے باہر نکل کر اسٹیشن کے مینٹیننس کے کام میں حصہ لینے کو کہتے ہیں، اس کام کیلئے منتخب ہونے والے خلابازوں کا انتخاب بہت ہی پیچیدہ مراحل کے ذریعے کیا جاتا ہے اور یہ کام سرانجام دینے کیلئے خلاباز کو انجنیئرنگ، روبوٹکس اور لائف سپورٹ سسٹمز میں بے انتہا مہارت درکار ہوتی ہے۔

یو اے ای کے خلاباز احمد النیادی کو اسپیس واک کیلئے ناسا کی جانب سے جونسن اسپیس سینٹر کی نیوٹرل بویانسی لیبارٹری میں 55 گھنٹے کی تربیت بھی  دی گئی تھی۔