دنیا کا طاقتور ترین راکٹ اولین اڑان بھرنے کیلئے تیار
برسوں کی تیاری کے بعد ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی جانب سے تیار کیا گیا دنیا کا طاقتور ترین اسٹار شپ راکٹ اڑان بھرنے کے لیے تیار ہے۔
10 اپریل کو ٹیکساس میں اسپیس ایکس کے مرکز میں اسٹار شپ کو پہلی بار زمین کے مدار پر روانہ کیا جائے گا۔
ایلون مسک پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ اس راکٹ کی آزمائشی پرواز کی کامیابی کے امکانات 50 فیصد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 50 فیصد امکان یہ ہے کہ اوپر جانے کے دوران راکٹ پھٹ جائے تاہم یہ لانچ لوگوں کو بیزار کن محسوس نہیں ہوگی۔
یہ راکٹ 120 میٹر لمبا ہے جس کا وزن 50 لاکھ کلوگرام ہے اور آزمائشی پرواز میں کوئی انسان موجود نہیں ہوگا۔
اسٹار شپ کو بار بار استعمال کرنا ممکن ہوگا اور یہ بنیادی طور پر 2 حصوں پر مشتمل ہے۔
ایک تو سپر ہیوی راکٹ بوسٹر ہے جبکہ دوسرا وہ حصہ ہے جو انسانوں کو خلا میں لے جانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
آزمائشی لانچ کے دوران سپر ہیوی بوسٹر خود کو الگ کرکے سمندر میں اتر جائے گا جبکہ اسٹار شپ زمین کی مدار تک جائے گا اور پھر سمندر پر اترے گا۔
یہ پوری پرواز 90 منٹ میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
3 ارب ڈالرز مالیت کا یہ راکٹ ایک دن انسانوں کو چاند اور مریخ پر لے جائے گا۔
2025 میں ناسا کی جانب سے انسانوں کو چاند پر بھیجنے کے مشن کی کامیابی کا انحصار بھی اسٹار شپ راکٹ پر ہوگا۔
اسٹار شپ راکٹ پہلے بغیر انسانوں کے چاند کی سطح پر آزمائشی طور پر اتارا جائے گا جس کے بعد اسے آرٹیمس 3 کے لیے استعمال کیا جائے گا۔