آئی ایم ایف کی تمام شرائط من و عن مان لی گئی ہیں: شہباز شریف

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط من و عن مان لی گئی ہیں۔

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا عمران خان نے پاکستان کو مشکلات میں مبتلا کیا، ملک کی ساکھ داؤ پر لگا دی اور ملک کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا، چین کے منصوبوں پر سنگین الزامات لگائے،عمران اور ان کے حواریوں نے کہا کہ چین کے منصوبوں میں 45 فیصد کرپشن ہوئی، چین نے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور اسی پر بھونڈے الزامات لگائے گئے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا عمران خان نے سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط کیے، عمران خان نے خود خلاف ورزی کرکے آئی ایم ایف پروگرام کو معطل کیا، آئی ایم ایف پروگرام کے خلاف سازش کی گئی، عمران خان کے وزیر رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔

ان کا کہنا تھا ن لیگ نے ریاست بچانے کے لیے سیاست قربان کر دی ہے، پاکستان بچ گیا تو سب خیر ہے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط من و عن مان لی گئی ہیں، آئی ایم ایف نے حکومت کے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے ہیں لیکن میرا ایمان ہے وقت آئے گا اور حالات بدل جائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا اسرائیل کے ساتھ تجارت شروع کرنے کا جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے، ایک انفرادی شخص کا حکومت پاکستان کی پالیسی سے کیا تعلق؟ فلسطینیوں کو حق ملنے تک پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا نواز شریف کی قیادت میں 2014سے 2018 تک ملک ترقی کی شاہراہ پرگامزن تھا، وقت بدلے گا اور نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن ملک کو مسائل سے نکالے گی۔