شام میں اسرائیل کا فضائی حملہ، ایرانی پاسداران انقلاب کا ایک اور ممبر جاں بحق
تہران: شام میں اسرائیل کے فضائی حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کا ایک اور ممبر جاں بحق ہوگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیل نے دمشق کے قریب فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں پاسداران انقلاب کا ایک اور ممبر جاں بحق ہوگیا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق مقدد میغانی جعفرآبادی جمعہ کو ہونے والی اسرائیلی حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، وہ شام میں بطور فوجی مشیر بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے تھے۔
ایران کا کہنا ہےکہ اسرائیل اپنے اس جرم پرجواب دہ ہوگا اور اسے اس کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
شام میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہےکہ جمعہ کو شام میں کیا جانے والا اسرائیلی حملہ مارچ کے مہینے میں مسلسل چھٹا حملہ تھا جس میں پاسداران انقلاب کا ایک اور ممبر جاں بحق ہوا۔
ایران کا کہنا ہےکہ اس کے افسران دمشق کی دعوت پر شام میں ایڈوائزری کردار ادا کرتے ہیں، شام میں جنگ کے دوران اب تک پاسداران انقلاب کے متعدد سینئر ممبران جاں بحق ہوچکے ہیں۔