چیٹ جی پی ٹی کا پہلے سے بھی زیادہ بہتر ورژن متعارف
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ریسرچ لیب اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی 4 متعارف کرا دیا ہے۔
یہ اس کمپنی کے انقلابی اے آئی سسٹم چیٹ جی پی ٹی کا نیا ورژن ہے جسے پہلے سے زیادہ تخلیقی قرار دیا گیا ہے۔
اوپن اے آئی کے شریک بانی سام آلٹمین نے بتایا کہ یہ ہمارا سب سے بہترین ماڈل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملٹی ماڈل سسٹم ہے، یعنی ٹیکسٹ کے ساتھ ساتھ تصاویر کے ذریعے بھی سوالات پوچھے جا سکتے ہیں۔
جی پی ٹی 4 بہت زیادہ بڑی تحریری ہدایات کو بھی ہینڈل کر سکتا ہے اور ایک وقت میں 20 ہزار سے زیادہ حروف تحریر کر سکتا ہے، یعنی پورا ناول بھی تحریر کر سکتا ہے۔
یہ نیا ماڈل چیٹ جی پی ٹی پلس (چیٹ جی پی ٹی کا ماہانہ فیس والا ماڈل) کے صارفین کو دستیاب ہے۔
جی پی ٹی 4 کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپن اے آئی کے صدر گریگ بروک مین نے اس نئے ورژن کی تصاویر شناخت کرنے کی صلاحیت کی جھلک بھی پیش کی۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ جی پی ٹی 4 کے ذریعے اس نے سابقہ ورژن میں موجود خامیوں کو ٹھیک کر دیا ہے اور اس نئے ماڈل میں بہت زیادہ ڈیٹا کو شامل کیا گیا ہے۔