عمران خان کیخلاف وارنٹ عدالتوں نے نکالے، انتظامیہ عمل نہ کرے تو پھر کیا ہوگا؟ وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف وارنٹ عدالتوں نے نکالے ہیں، عدالتی احکامات پر انتظامیہ عمل نہ کرے تو پھر کیا ہوگا؟
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا، قانون حرکت میں آیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے اپنے حواریوں کے ساتھ مل کر ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی، وقت کی رعونت سے ڈرنا چاہیے، آج وہ کہتا ہے میں 72 سال کا ہوں، ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج تک گرفتاری سے بچنے کی بھرپور کوشش کی ہے، بیماری اور بزرگی کے سہارے ڈھونڈ رہے ہیں، انہوں نے عدلیہ کے خلاف انتہائی مذموم گفتگو کی۔