مستقبل کی اڑنے والی موٹر سائیکل یو اے ای میں متعارف
فلم سیریز اسٹار وارز سے متاثر ہوکر تیار کی جانے والی دنیا کی پہلی اڑنے والی موٹر سائیکل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں متعارف کرا دی گئی ہے۔
اس موٹر سائیکل کو کچھ عرصے قبل جاپان میں تیار کیا گیا تھا۔
مگر متحدہ عرب امارات میں Xturismo نامی ہوور موٹر سائیکل یو اے ای کی ایک کمپنی جی 42 نے جاپانی کمپنی Aerwins ٹیکنالوجیز کے ساتھ ملکر تیار کی ہے۔
مستقبل کی اس موٹر سائیکل کو ابوظبی میں ایک تقریب کے دوران پیش کیا گیا۔
اس موٹر سائیکل کو ایوی ایشن اور اسپیس انڈسٹری میں استعمال ہونے والے بہت زیادہ مضبوط کاربن فائبر سے تیار کیا گیا ہے جس کا وزن 300 کلوگرام ہے۔
یہ موٹر سائیکل فضا میں 20 میٹر کی بلندی پر 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 40 منٹ تک سفر کر سکتی ہے جس کے بعد اس میں ایندھن بھرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
جاپان میں اس موٹر سائیکل کے ٹرائل پہلے ہی ہوچکے ہیں اور اب اس کی پروڈکشن یو اے ای میں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
یو اے ای کے حکام کی جانب سے اس موٹر سائیکل کو ایمرجنسی حالات کے دوران صحرا میں لوگوں کی تلاش اور سکیورٹی کے لیے استعمال کیے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
اس موٹر سائیکل میں 4 اسٹروک پیٹرول انجن نصب ہے جو 230 ہارس پاور فراہم کرتا ہے جبکہ 4 بجلی سے چلنے والے سائیڈ فینز اس کی اڑان کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یو اے ای میں تیار ہونے والی اس موٹر سائیکل کی قیمت کیا ہوگی۔
مگر جاپان میں اس طرح کی موٹر سائیکل کی قیمت 5 لاکھ 55 ہزار ڈالرز رکھی گئی ہے۔