ناقابل ضمانت وارنٹ: اسلام آباد پولیس کی ٹیم عمران خان کو گرفتار کرنے لاہور پہنچ گئی
اسلام آباد پولیس کی ٹیم خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے پھر لاہو رپہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کی ٹیم خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور پہنچی۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ عمران خان کی عدالتی حکم پر گرفتاری ہوگی جبکہ عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی اضافی نفری درکار ہے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان لاہور میں پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی کی قیادت کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں اور عدالت نے 29 مارچ کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد کی دوسری عدالت نے ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود آج توشہ خانہ کیس میں پیش نہ ہونے پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔