اسپیس ایکس کا راکٹ 4 کثیر القومی خلابازوں کو لیکر اسپیس اسٹیشن روانہ

اسپیس ایکس کا راکٹ 4 کثیر القومی خلابازوں پر مشتمل  عملے کو لے کر انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن روانہ ہو گیا۔

امریکی خلائی ادارے نیشنل ائیروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کا کہنا ہے کہ کریو 6 مشن پر اسپیس ایکس  راکٹ  4 کثیرالقومی خلابازوں پر مشتمل عملے کو لے کر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کیلئے روانہ ہو گیا ہے۔

ناسا کا کہنا تھا کہ 2 امریکی، ایک روسی اور ایک متحدہ عرب امارات کے خلاباز پر مشتمل 4 رکنی ٹیم کو اسپیس ایکس کے کریو ڈریگن کیپسول کے ذریعے ناسا کے کینیڈی اسپیس اسٹیشن سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کیلئے روانہ کیا گیا ہے۔

4 خلابازوں پر مشتمل ٹیم اگلے 6 ماہ کیلئے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران انسانی خلیے کے افزائش سے لے کر آتش گیر مادوں پر مائیکرو گریویٹی میں کنٹرول پر 200 تجربات اور ٹیکنالوجیکل مظاہرے کرے گی۔

واضح رہے کہ ارب پتی کاروباری ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی جانب سے اپنے قیام کے بعد ناسا کے عملے کو خلا میں لے جانے والی یہ چھٹی پرواز تھی۔