جی ٹوئنٹی ممالک یوکرین جنگ پر مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے میں ناکام
دنیا کی بڑی معیشتوں کا جی ٹوئنٹی اجلاس روس-یوکرین جنگ کے معاملے پر کسی اتفاق رائے پر پہنچے بغیر ختم ہو گیا، اعلامیہ جاری نہ ہو سکا۔
بھارت کے شہر بنگلورو میں ہونے والے جی ٹوئنٹی وزرائے خزانہ کے اجلاس میں روس اور چین کی جانب سے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کی مخالفت کی گئی جبکہ بھارت نے بھی روس کی مذمت سے گریز کیا۔
جی ٹوئنٹی کی صدارت کرنے والے ملک بھارت کی جانب سے یوکرین معاملہ اٹھانے سے گریز کے باوجود مغربی ممالک کی جانب سے زور دیا گیا کہ اجلاس کے ایسے نتائج کی حمایت نہیں کی جائے گی جس میں یوکرین جنگ کی مذمت شامل نہ ہو۔
یوکرین جنگ کی مذمت پر اجلاس میں اتفاق رائے نہ ہونے پر اجلاس کا اعلامیہ جاری نہ ہو سکا تاہم بھارتی وزیر خزانہ کی جانب سے اجلاس کی آؤٹ کم اسٹیٹمنٹ جاری کی گئی جس میں دور روز تک ہونے والی گفتگو اور اجلاس کے اختلاف کا ذکر کیا گیا۔
چین گزشتہ نومبر سے اس کوشش میں ہے کہ بیان میں استعمال زبان کو تبدیل کیا جائے اور متن سے لفظ ’’جنگ‘‘ کو خارج کیا جائے۔
چین اس تنازع میں غیرجانبدار رہنے کے ساتھ ہی روس سے اسٹر یٹجک تعلقات بھی بر قرار رکھنا چاہتا ہے۔