کارکنوں کے لیے جیل اپنے بیل، یہ عمران خان کی سیاست ہے، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جب سے گھڑی چور حکومت سے گیاکان پک گَئے سن سن کر کہ سازش ہوگئی۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا سرگودھا میں جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ سازش تو نواز شریف کے خلاف ہوئی تھی کیونکہ وہ مہرہ نہیں بن سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پانچ کا ٹولہ ملک کے حالات کا ذمے دار ہے، جنرل ریٹائرڈ فیض حمید ٹولے کا سرغنہ ہے، فیض حمید نے کہا تھا نواز شریف کا قد بہت بڑا ہوگیا ہے، اس کو ’کٹ ٹو سائز‘ کرنا پڑے گا۔
مریم نے مزید کہا کہ سازش کرنے والوں کو ایک گھوڑا چاہیے تھا جو گھڑی چور عمران خان کی صورت میں ملا، فیض حمید کی باقیات آج بھی موجود ہیں، جب عمران خان کا لانگ مارچ ناکام ہوا تو سازشیوں نے عدلیہ سے جج اٹھالیے، عمران خان کو سادھو بنا کرپیش کیا، عمران خان سازشیوں کا فرنٹ مین اور ازلی فتنہ تھا۔
مریم نے کہا کہ فیض حمید کو چیف بننا تھا ، ان کو سیاسی چہرے کی ضرورت تھی، نواز شریف عوام کا نمائندہ تھا، پھر اس نے عمران خان گھڑی چور کو اٹھایا، فیض حمید کو عمران خان سے محبت نہیں، ان جرائم کا خوف ہے جو انھوں نے پانچ سال کیے، فیض حمید نے اربوں روپے بنائے اور گلف ممالک میں منتقل کیے۔
پنجاب اور کے پی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ یہ جانچنے بیٹھ گئے کہ الیکشن کمیشن کی کیا ذمے داری ہے، ضرور جانچیں، لیکن کیا کبھی آپ نے بنیادی ذمےداری کا احاطہ کیا؟ ڈیم والے بابا کو معلوم ہے کہ آج پاکستان کہاں پہنچ گیا؟ کیابابا رحمتے، کھوسہ صاحب کوپتا ہےکہ پاکستان کہاں پہنچ گیا؟
مریم نواز نے مزید کہا کہ آج نیپیاں بدلنے کی ذمہ داری پرویز الٰہی نےاٹھا لی ہے، پرویز الٰہی کے بیٹے نے پوری زندگی مال بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نے کہا کہ پانچ مہینے سے ٹانگ پر پلاستر لگا کر بیٹھا ہے، اتنا بزدل ہے، روز عدالت اور جج بلاتے ہیں کہتا ہے میری ٹانگ خراب ہے، پیش نہیں ہوسکتا، اس ڈر سے پلاستر نہیں اتارتا کیوں کہ اسےعدالتوں میں پیش ہونا ہے، نواز شریف کے ڈر سےچوہے کی طرح بل میں بیٹھاہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کیلئے جیلیں اپنے لیے بیلیں، لیڈر نواز شریف کی طرح سامنے سے لیڈ کرتا ہے۔
مریم نے کہا کہ کیا ان کے لائے فتنے نے آئی ایم ایف کو لکھ کر نہیں دیا کہ سب مہنگا کردیں گے۔
پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے حوالے سے مریم نے کہا کہ جیل کاٹنے والوں کو ایک ہی رات میں ماں باپ اور بچے یاد آگئے، دنیاکی پہلی جیل بھرو تحریک ہے جس میں کارکن آگے اور پولیس پیچھے ہے، لاہور کی ڈیڑھ کروڑ کی آبادی ہے، صرف60 سے 70 لوگوں نے گرفتاری دی، عمران خا ن تاریخ کے کوڑے دان میں جا رہا ہے، کل تک جیل بھرو تحریک کہنے والے آج کہہ رہے ہیں ہمیں رہا کرو۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ جو تمہیں کندھوں پر بٹھا کر لائی تھی اب گھر جا چکی، نواز شریف آئے گا تو سب ٹھیک ہوجائےگا، یہ الیکشن لڑنا نہیں، جیت کر دکھانا ہے۔