ممنوعہ فنڈنگ کیس: عمران خان کی بینکنگ کورٹ میں ویڈیو لنک پیشی کی درخواست مسترد
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی کی درخواست مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی بینکنگ کورٹ میں ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست کی سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی پیش ہوئے، عدالت میں عمران خان کی نئی میڈیکل رپورٹ پیش کر دی گئی۔
وکیل عمران خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ 20 فروری کی ہے، عدالت کےگزشتہ سماعت والے حکم کی تعمیل ہوئی ہے، ٹرائل کورٹ کے سامنے زخموں کے اصل ہونے پر اعتراض اٹھایا گیا، یہ اعتراض عمران خان کے لیےکافی ڈسٹربنگ تھا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نےکہا کہ وہ معاملہ ٹرائل کورٹ کے سامنے ہے وہیں دیکھا جائےگا۔
اسپیشل پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ عمران خان ابھی تک اس کیس میں شامل تفتیش بھی نہیں ہوئے، عمران خان سڑکوں کی بندش پر بھی استثنیٰ مانگتے رہے۔
عدالت عالیہ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان کو 28 فروری کو بینکنگ کورٹ میں پیش ہونےکا حکم دے دیا۔
عدالت نے قرار دیا ہےکہ 28 فروری تک عمران خان کی ضمانت کے فیصلے پر حکم امتناع برقرار رہےگا۔
خیال رہےکہ 15 فروری کو عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے بینکنگ کورٹ کو 22 فروری تک عمران خان کی درخواست ضمانت پر فیصلے سے روک دیا تھا۔