ترکیہ پھر 6.4 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا، 3 افراد ہلاک، 600 سے زائد زخمی
ترکیہ اور شام ایک بار پھر زلزلے سے لرز اٹھا،مزید کئی عمارتیں گر گئیں۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کہا گیا ہے کہ ترکیہ کے جنوبی علاقوں میں مقامی وقت کے مطابق 8 بج کر 4 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جبکہ یہ علاقے پہلے ہی 6 فروری کے زلزلوں سے متاثرہ ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ترکیہ اور شام کے سرحدی علاقوں میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.4 اور پھر 5.8 ریکارڈ کی گئی۔
اطلاعات ہیں کہ پیر کو ترکیہ اور شام میں زلزلے سے 3 افراد ہلاک جبکہ 600 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام میں 470 اور ترکیہ میں 213 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ریسکیو کا کام جاری ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ترک صوبے حاطے میں عمارتیں اور سڑک پر نصب بجلی کے کھمبے جھول رہے ہیں۔شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے مصر اور لبنان میں بھی محسوس کیے گئے۔
خیال رہے کہ 6 فروری کو آنے والے 2 تباہ کن زلزلوں میں ترکیہ اور شام میں 44 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہیں۔