ظالم حکمرانوں نے پاکستان کو 62 ہزار ارب قرضوں کے ہمالیہ تلے دبا دیا، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے حکومت کہتی ہے مشکل وقت ہے قوم قربانی ہے، سب سے پہلے شہباز شریف قربانی دیں۔

جہلم میں مہنگائی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جماعت اسلامی میدان میں کھڑی ہے اور مہنگائی کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا ایسے ظالم حکمران ہیں کہ مہنگائی میں کمی کا مطالبہ کرنے پر بھی سیخ پا ہوتے ہیں، پاکستان کو ان ظالموں نے 62 ہزار ارب کے قرضوں کے کوہ ہمالیہ تلے دبا دیا، قرض لینے والے عوام سے مطالبہ کرتے ہیں چائے روٹی کم کر دو۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پہلے سے پسے عوام پر منی بجٹ کے ذریعے ٹیکسز کا بوجھ ڈالنے لگی ہے، عوام گیس بجلی پانی کا بل کہاں سے ادا کریں گے، زرعی پاکستان میں 160 روپے کلو آٹا اور275 روپے کلو پیاز ہے، جو چیزیں جو پاکستان میں پیدا ہوتی ہیں ان کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا ایم پی اے اور ایم این ایز نے پیسے اپنی تجوریوں میں بھر رکھے ہیں، حکومت کے ایک وزیر نے بیان دیا کہ خزانہ خالی ہو گیا ہے، پوچھنا چاہتا ہوں یہ خزانہ آپ نے خالی کیا یا عوام نے خالی کیا ہے۔

قبل ازیں سرائے عالمگیر میں مہنگائی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا غریب عوام کے لیے بجلی پانی اور گیس کا بل ادا کرنا مشکل ہو گیا ہے، ہم ٹیکس دیتے ہیں مزدوری کرتے ہیں، حکمرانوں کی کرپشن کے باعث پاکستان غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے، انہوں نے قرضے لیکر اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا اسحاق ڈار کے آنے کے بعد ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوا، انہوں نے وعدہ کیا تھا ڈالر 200 روپے پر لائیں گے، آج مشکل وقت ہے آج بھی حکومت کہتی ہے قوم قربانی دے، سب سے پہلے شہباز شریف قربانی دیں۔