لاس اینجلس میں فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں نئے چینی سال کے حوالے سے ہونے والی ایک تقریب میں فائرنگ سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس کے مانٹیری پارک نامی علاقے میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران فائرنگ کی گئی جس سے 10 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔
ابھی ہلاکتوں کے سرکاری اعدادوشمار جاری نہیں کیے گئےمگر پولیس ذرائع نے بتایا کہ متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
اس علاقے میں واقع Calm ہاؤس سی فوڈ نامی ریسٹورنٹ کے مالک Seung Won Choi نے بتایا کہ 3 افراد ریسٹورنٹ تیزی سے داخل ہوئے اور دروازہ بند کرنے کی ہدایت کی۔
ان افراد نے بتایا کہ اس علاقے میں ایک شخص نے مشین گن سے بہت زیادہ فائرنگ کی۔
Seung Won Choi کے مطابق فائرنگ کا واقعہ علاقے کے ایک ڈانس کلب میں مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے) کے بعد پیش آیا۔
خیال رہے کہ لاس اینجلس میں چینی نئے سال کے آغاز پر 2 روزہ تہوار کے لیے لاکھوں افراد جمع ہوتے ہیں۔
سوشل میڈیا میں پوسٹ ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ پولیس اہلکار اور امدادی سروسز کے ورکرز اس علاقے میں متاثرین کی مدد کررہے ہیں۔
زخمی افراد کو متعدد اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں کہ ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے یا نہیں۔