امریکا میں موسم سرما کا بڑا طوفان، لاکھوں افراد بجلی سے محروم، سیکڑوں پروازیں معطل

امریکا میں موسم سرما کے بڑے طوفان کے باعث بیشتر ریاستوں اور ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی کو شدید برف باری اور یخ بستہ ہواؤں کا سامنا  ہےجبکہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے اور سیکڑوں پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق شدید موسم اور برفباری کے دوران متعدد ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں جبکہ جارجیا، نارتھ کیرولائنا اور کینٹکی میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔

شدید سردی اور برفباری کے باعث امریکا بھر میں کرسمس کی چھٹیوں کے دوران سفر کرنے والے لاکھوں افراد مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں، دو روز کے دوران ساڑھے 4 ہزار پروازیں اور مڈ ویسٹ میں سیکڑوں ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ پروازوں اور ٹرینوں کی منسوخی کی وجہ سے افراتفری پھیل رہی ہے، 12 سو پروازیں صرف شکاگو کے دو ائیرپورٹس پر منسوخ کی گئیں ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے موسم کی سنگینی سے خبردار کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ مقامی حکام کی وارننگ پر عمل کریں۔ امریکا کے علاوہ کینیڈا کے مشرقی حصے کو بھی شدید سردی اور برف باری کا سامنا ہے، ٹورنٹو میں بھی متعدد پروازیں منسوخی یا تاخیر کا شکار ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *