منی لانڈرنگ کیس: سلیمان شہباز کی درخواست ضمانت منظور

احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں نامزد وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔ منی لانڈرنگ کیس میں نامزد سلیمان شہباز درخواست ضمانت دائر کرنے کے لیے اسپیشل کورٹ سینٹرل پہنچے جہاں انہوں نے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کرتے ہوئے ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں بلاجواز نامزد کیا، عدالت میں طلبی کے نوٹس موصول نہیں ہوئے اور بغیر اطلاع اشتہاری قرار دیا گیا۔ سلیمان شہباز کا اپنی درخواست میں کہنا تھا کہ اشتہاری قرار دینے سے قبل قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، منی لانڈرنگ مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کے لیے عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

دوران سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ سلیمان شہباز کا شناختی کارڈ عدالت میں پیش کیا جائے جس پر سلیمان شہباز نے کہا کہ میرے پاس شناختی کارڈ ابھی موجود نہیں ہے، میں معذرت خواہ ہوں آئندہ شناختی کارڈ ساتھ لیکر آؤں گا، عدالت نے کہا کہ شناختی کارڈکی آج ضرورت تھی، یہ تو ہر وقت ساتھ ہونا چاہیے۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت کی درخواست 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض 7 جنوری تک منظور کر لی۔ یاد رہے کہ سلیمان شہباز رواں ماہ ہی لندن سے پاکستان پہنچے تھے اور انہوں نے اپنے خلاف دائر منی لانڈرنگ کے مقدمات کا سامنا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *