’شکریہ چیمپیئنز‘، ارجنٹائن کی ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال
دارالحکومت بیونس آئریز میں ہزاروں شائقین آدھی رات سی ہی قطار میں کھڑے ہو کر فٹبال کی تاریخ کا ایک عظیم الشان ایونٹ (ورلڈ کپ) جیتنے والی ارجنٹائن کی ٹیم کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق کپتان لیونل میسی کی زیرقیادت ٹیم کے کھلاڑی جب منگل کی صبح 3 بجے کے قریب، ارجنٹائن کے دارالحکومت کے بالکل باہر، ایزیزا میں طیارے سے باہر آئے تو سبھی مسکرا رہے تھے۔
اس موقع پر ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کا استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا تھا۔ ٹیم کے کپتان لیونل میسی جہاز سے باہر آنے والے پہلے کھلاڑی تھی، ان کے ساتھ کوچ لیونل سکالونی بھی تھے۔ دونوں ٹیم کے استقبال کے لیے بنائی گئی ایک راہداری سے گزرے جس پر لکھا تھا، ’شکریہ چیمپیئنز۔‘
کھلاڑیوں کا استقبال راک بینڈ لا موسکا نے معروف گانا ‘مُچاچو‘ گانا گا کر کیا، اس گانے کو ایک مداح نے بینڈ کے ایک پُرانے گانے کی دُھن پر لکھا۔ یہ گانا قطر میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے شائقین کے لیے ایک مقبول غیر سرکاری ترانہ بن گیا تھا۔
فٹبال کی عالمی چیمپیئن ٹیم ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹرز جانے کے لیے ایک کُھلی چھت کی بس میں سوار ہوئے۔ اس دوران میسی سمیت کئی کھلاڑیوں اور افراد کو ’مُچاچو‘ گانا گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
بس سُست رفتار سے آگے بڑھتی رہی، سڑک کے اردگرد کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب ہزاروں مداح ارجنٹائن کا قومی پرچم لہرا رہے تھے۔ سارے سفر کے دوران کپتان میسی نے ٹرافی اٹھائے رکھی جبکہ شائقین فٹبال، گانا گاتے ہوئے ہاتھ لہرا لہرا کر کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہہ رہے تھے۔ بس نے ایئرپورٹ سے فٹبال ایسوسی ایشن کے ہیڈکوارٹرز تک تقریباً 11 کلومیٹر کا سفر تقریباً ایک گھنٹے میں طے کیا۔