پاک افغان حکام کے درمیان باب دوستی پر فلیگ میٹنگ کے انعقاد پر اتفاق
چمن: پاک افغان بارڈر حکام نے باب دوستی پر فلیگ میٹنگ کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔ چمن بارڈر پر پاک افغان صورتحال میں بہتری کیلئے افغانستان جانے والا اعلیٰ سول وفوجی حکام کا وفد وطن واپس پہنچ گیا ہے، پاکستانی وفد نے اسپن بولدک میں اعلیٰ افغان حکام سے ملاقاتیں کیں۔
جرگہ ارکان کا کہنا ہے کہ افغان وزارت دفاع کے نائب ملاشیرین کی قیادت میں افغان وفد سے مذاکرات ہوئے جہاں افغان وفد میں نائب گورنر قندھار، وزارت خارجہ، داخلہ، بارڈر پولیس چیف اور انٹیلی جنس حکام نے شرکت کی۔ امن جرگہ اور افغان وفد کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک افغان عوام مطمئن رہیں، تیسری قوت کی باہمی تعلقات خراب کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونےدیں گے، ہم بھائی ہیں، غلط فہمیوں کو بات چیت سے دور کریں گے۔
جرگہ کے مطابق باب دوستی پر پاک افغان بارڈر حکام کےدرمیان فلیگ میٹنگ کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ باب دوستی پر فلیگ میٹنگ کیلئے انتظامات کیے جارہے ہے۔ اس موقع پر افغان وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے، اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں، بارڈر کشیدگی کی روک تھام کیلئے امارت اسلامی افغانستان ٹھوس اقدامات کرے گی۔ افغان حکام نے مزید کہا کہ اپنی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، نقصانات پر دلی افسوس اور معذرت خواہ ہیں، مستقبل میں فائر نہ کرنے کے لیے مل کر اقدامات کریں گے۔