پی ٹی آئی ارکان کا استعفوں کی تصدیق کیلئے اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے استعفوں کی تصدیق کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 123 ارکان قومی اسمبلی جمعرات کو اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کے سامنے مستعفی ہونے کی تصدیق کریں گے جس کے لیے پی ٹی آئی ارکان 22 دسمبر کو کے پی ہاؤس اسلام آباد میں جمع ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان ممکنہ طور پر شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پارلیمنٹ آئیں گے اور ان کی ہی قیادت میں اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے۔
یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے استعفے منظور کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ اسپیکر راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفے ایک ساتھ منظورنہیں کرسکتا اس حوالے سے فیصلہ آئین اورقانون کےمطابق ہوگا۔